ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری محکموں کی رقم انتخابات کیلئے استعمال ہوسکتی ہے: کمار سوامی

سرکاری محکموں کی رقم انتخابات کیلئے استعمال ہوسکتی ہے: کمار سوامی

Tue, 31 Oct 2017 11:58:45    S.O. News Service

بنگلورو،30؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ ریاست کے مختلف سرکاری محکموں کی طرف سے ڈپازٹ کئے گئے فنڈز کو مختلف کھاتوں میں منتقل کرکے انتخابی فنڈز کے طور پر استعمال کرنے کی سازش کے تحت وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت والی حکومت ایک بہت بڑا گھپلہ کرنے کی کوشش میں ہے۔آج جنتادل (ایس) دفتر میں ایک اخبار ی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محکمۂ دیہی ترقیات میں آنے والے کے آر ای ڈی ایل سے پچاس کروڑ روپیوں کی رقم کو منگلور کی اوور سیز بینک منتقل کروایا گیا ہے۔ یہاں سے کسی اور کھاتے میں یہ رقم منتقل کرکے اس کا استعمال کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ 24اور30 اگست کو کے آر ای ڈی ایل سے علی الترتیب 20 اور 30کروڑ روپیوں کی رقم منگلور کی انڈین اوور سیز بینک کو منتقل کی گئی اور اس کھاتے سے یہ رقم دوسرے کھاتوں کو روانہ کی گئی۔ ان کھاتوں سے روانہ کی جانے والی رقم کا استعمال انتخابات کیلئے کیا جاسکتاہے۔کمار سوامی نے سوال کیا کہ وزیر اعلیٰ سدرامیا جو ہمیشہ کرپشن سے پاک اور شفاف انتظامیہ کی باتیں کرتے ہیں کیا ان کی نظروں میں یہی شفافیت ہے؟۔ کسانوں کے قرضوں کی معافی کا فیصلہ کئے جانے کے بعد چھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی ان کے کھاتوں میں رقم جمع نہ کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ کسانوں کے قرضوں کو معاف کرنے کے بعد ان کے کھاتوں میں رقم کی منتقلی میں رکاوٹیں آجاتی ہیں، لیکن انتخابات کیلئے کروڑوں روپیوں کی رقم منتقل کرنے میں کسی طرح کی رکاوٹ نہیں آتی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات ایچ کے پاٹل ایک دیانتدار وزیر ہیں ۔ ہوسکتاہے کہ انہیں علم میں لائے بغیر اس طرح کھاتوں سے رقم کی منتقلی ہورہی ہے۔کمار سوامی نے کہاکہ بی جے پی جب اقتدار پر تھی تو اس وقت بھی انتخابات کیلئے سرکاری فنڈز کی منتقلی بڑے پیمانے پر کی گئی، لیکن اس طرح کی دھاندلی کرنے والے افسران پر موجودہ کانگریس حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ کمار سوامی نے کہاکہ منڈیا میونسپل کونسل کے پانچ کروڑ روپئے اور رام نگرم اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے پندرہ کروڑ روپیوں کی اسی طرح منتقل کی گئی ہے، یہ رقم کہاں گئی اس کے بارے میں اب تک کوئی جانکاری نہیں ہے۔انہیں یہی خدشہ ہے کہ یہ رقم انتخابات کیلئے استعمال میں لائی جاسکتی ہے۔ 


Share: